(Translated by https://www.hiragana.jp/)
ٹی20 ورلڈکپ: افغانستان ترنوالہ ثابت، بھارت 47 رنز سے کامیاب
 
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی20 ورلڈکپ: افغانستان ترنوالہ ثابت، بھارت 47 رنز سے کامیاب

فوٹو بشکریہ کرک انفو
فوٹو بشکریہ کرک انفو

پہلے راؤنڈ میں حریفوں پر قہر بن کر برسنے والی افغانستان ٹیم ٹی20 ورلڈکپ میں سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں بھارت کے لیے تر نوالہ ثابت ہوئی، جس نے اہم میچ میں 47 رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔ 

بھارت نے افغانستان کو جیت کےلیے 182 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں افغانی ٹیم آخری اوور میں 134 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ 

بریج ٹاؤن میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بھارت نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

بھارتی بیٹرز نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا پھر بھی اسکی پہلی وکٹ 11 رنز پر گر گئی۔ کپتان روہت شرما 8 رنز بنا کر فضل حق فاروقی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

اس کے بعد رشبھ پنت نے جارحانہ انداز اپنایا اور 11 گیندوں پر 20 رنز بناتے ہوئے 24 گیندوں پر 24 رنز بنانے والے ویرات کوہلی کا ساتھ دیا۔ 

تاہم راشد خان نے ریشبھ پنت کو 54 کے مجموعے جبکہ ویرات کوہلی کو 62 کے مجموعے پر میدان بدر کیا۔ 

بھارت کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شیوم ڈوبے تھے جنہوں نے 10 رنز بنائے، تاہم پانچویں وکٹ پر سوریا کمار یادیو اور ہاردیک پانڈیا نے 60 رنز کی شراکت بنا کر اپنی ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کیا۔ 

سوریا کمار یادیو برق رفتار 53 اور ہاردیک پانڈیا 32 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ریندر جاڈیجا نے 7 رنز بنائے جبکہ اکشر پٹیل نے 12 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ ارشدیپ سنگھ دو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 

بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 181 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی اور راشد خان نے 3، 3 وکٹیں اور ایک وکٹ نوین الحق کے حصے میں آئی۔  

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کے بیٹرز بھارتی بولرز کے سامنے بے بس دکھائی دیے اور پوری ٹیم 134 رنز بنا کر آخری اوور کی آخری گیند پر آل آؤٹ ہوگئی۔ 

افغانستان کی جانب عظمت اللّٰہ عمرزئی 26 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ نجیب اللّٰہ زادران نے 19، گلبدین نائب نے 17، محمد نبی نے 14، نور احمد نے 12 جبکہ رحمان اللّہ گرباز نے 11 رنز بنائے۔ انکے علاوہ کوئی اور کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور جسپریت بومرا نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کلدیپ یادیو نے دو جبکہ اکشر پٹیل اور رویندر جاڈیجا نے ایک ایک وکٹ لی۔

عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر بھارت کے سوریا کمار یادیو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید