(Translated by https://www.hiragana.jp/)
بنگلہ دیش میں فسادات، وجوہات
 
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب یہ خبریں آنے لگیں کہ عوامی لیگ کے طلبا ونگ بنگلہ دیش چھاترا لیگ نے احتجاج کرنے والے طلبا سے تصادم کا راستہ اختیار کرلیا ہے تو اسی وقت یہ واضح ہو گیا کہ اس احتجاج کے محرکات اس کشمکش سے جا ملتے ہیں جو کہ بنگلہ دیش کے قیام سے ہی شروع ہو گئی تھی اور اب شیخ حسینہ کے عملی طور پر یک جماعتی اقتدار میں اپنے اصل چہرے کے ساتھ واضح طور پر دکھائی دے رہی ہے ۔ راقم الحروف نے تین جنوری دو ہزار چوبیس کو تحریر کرتے ہوئے شیخ مجیب الرحمن کی جانب سے تاحیات صدر بننے اور بنگلہ دیش میں یک جماعتی نظام حکومت قائم کرتے ہوئے بکسال ( بنگلہ کراشک سرامک عوامی لیگ ) پر گفتگو کی تھی اور اب اس سب کو ازسر نو شیخ حسینہ عملی طور پر نافذ کر چکی ہے ۔ اور اس کے خلاف عوامی جذبات وقت کے ساتھ ساتھ مشتعل ہوتے جا رہے ہیں ۔ ان پر سونے پر سہاگہ اس صورت حال نے کردیا ہے کہ بنگلہ دیش میں ایک کروڑ اسی لاکھ سے زائد طلبا نوکریوں کے لئے جوتیاں چٹخاتے پھر رہے ہیں ۔ بنگلہ دیش کی سب سے بڑی صنعت گارمنٹس چالیس ارب ڈالر کی برآمدات اور چالیس لاکھ افراد کو ملازمتیں فراہم کرنے کے باوجود ان طلبا کیلئے ملازمتیں پیدا کرنے سے قاصر ہے اور وہ جذبات جو دہک رہے تھے اب جلتے نظر آرہے ہیں مگر بنگلہ دیش میں ابلتے جذبات کو صرف اس حد تک محدود نقطہ نظر سے دیکھنا کہ یہ صرف طلبا کو ملازمتوں کی عدم دستیابی تک محدود ہے درست نہیں ہوگا ۔ اس صورت حال کے قیام کی بنیادی وجہ معاشرے میں موجود امتیازی نظام ہے اور اس نظام سے سقوط ڈھاکہ کے وقت سے لے کر آج تک ایک مخصوص گروہ فائدہ مند ہو رہا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ سقوط ڈھاکہ کےبعد ہی یہ احساس پنپنے لگا تھا کہ بنگال در حقیقت انڈیا کے ان دیکھے تسلط میں آ گیا ہے ۔ جب ہم اس کا جائزہ لیتے ہیں کہ اس احتجاج کا بنیادی مطالبہ انیس سو اکہتر میں پاکستان سے لڑنے والوں کی خصوصی مراعات کو ختم کرنا ہے تو اس کا منطقی نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ یہ تحریک صرف وہ طلبا چلا رہے ہیں کہ جن کے بزرگ انیس سو اکہتر کی بد امنی کا حصہ نہیں بنے تھے مگر اس بد امنی کی وجہ سے ان پر لوگ مسلط ہو گئے ۔ اور ان لوگوں کو سرکاری اداروں میں مسلط رکھنے سے حکمران شیخ حسینہ کو اپنے اقتدار کو قائم رکھنے میں بہت سہولت حاصل ہے ۔ اس کشمکش کی وجہ سے بنگلہ دیش میں حالات کس قدر خراب ہیں اس کو سمجھنے کیلئے اتنا ہی کافی ہوگا کہ وہاں کے سرکاری نشریاتی ادارے تک آف لائن ہیں ۔ میڈیا اور انٹرنیٹ پر اس نوعیت کی پابندی اس سے قبل پوری دنیا میں صرف دو ہزار گیارہ میں مصری انقلاب کے وقت دیکھی گئی تھی۔

شیخ حسینہ حکومت کا بھارت کی طرف صرف جھکاؤ نہیں ہے بلکہ یہ بنگالی عوام کو نظر آتا ہے کہ وہ کوئی ایسا اقدام نہیں کرتی کہ جو انڈیا کے ماتھے پر تیوری کا باعث بنے ۔ ابھی صرف انڈیا کو خوش کرنے کی غرض سے شیخ حسینہ نے اپنا دورہ چین وقت سے پہلے ختم کردیا اور 414 کلو میٹر طویل تیستا آبی پروجیکٹ انڈیا کے سپرد کرنے کا بھی اعلان کردیا ۔ اس منصوبہ پر انڈیا بہت تشویش کا اظہار کر رہا تھا ۔ لیکن جون میں بنگلہ دیش نے چین سے اس میں سرمایہ کاری کی باضابطہ طور پر درخواست کی تھی مگر پھر چین کو یہ باور کرانے کیلئے کہ شیخ حسینہ انڈیا سے کتنی مخلص ہیں اب یہ منصوبہ انڈیا کے سپرد کر دیا گیا ہے ۔ اس سے قبل شیخ حسینہ ہی وہ پہلی سربراہ حکومت بنیںکہ جنہوں نے نریندر مودی کے تیسری بار وزیر اعظم بننے کے بعد انڈیا کا دورہ کیا اور یہ صرف خیر سگالی کا دورہ نہیں تھا بلکہ اس میں بھارت اور بنگلہ دیش نے چین کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دیتے ہوئے سمندری سلامتی، معیشت، خلائی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے معاہدوں پر دستخط کیے تھے ۔

بنگلہ دیش کی گارمنٹس کی صنعت میں اکثر خام مال چین سے آتا ہے جبکہ انڈیا بنگلہ دیشی مصنوعات خریدنے والا ایشیا کا سب سے بڑا ملک ہے ۔ وہ بنگلہ دیش سے پندرہ ارب ڈالر کی مختلف مصنوعات سالانہ بنیادوں پر خریدتا ہے اور شیخ حسینہ جان بوجھ کر بنگلہ دیش کی معیشت کو مزید انڈیا کے زیر اثر کرنا چاہتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ بحرہند میں انڈیا کے عزائم کو پورا کرنے کیلئے اس کی مدد بھی کر رہی ہے ۔ یہ بالکل واضح ہے کہ بحر ہند میں انڈیا کے عزائم چین کی بحر ہند پالیسی کا مقابلہ کرنے کی غرض سے ہیں ۔ افریقہ کے مشرقی ساحلوں سے لے کر آسٹریلیا تک اس کا حصہ ہے ۔ انڈیا نے بحر ہند میں اپنی صف بندی کرتے ہوئے کولمبو سیکورٹی کنکلیو معاہدہ میں اپنے سمیت سری لنکا ، مالدیپ ، ماریشس کو شامل کر رکھا تھا مگر اب بنگلہ دیش بھی اس کا مستقل ممبر بن گیا ہے ۔ اس تنظیم کا بنیادی مقصد بحر ہند میں انڈیا کے مفادات کے تحت سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنا ہے اور بحر ہند میں چینی اثر و نفوذ کا مقابلہ کرنا ہے ۔ اگر ہم گزشتہ دو تین ماہ کے بنگلہ دیشی اقدامات کا مطالعہ کریں تو ہمیں یہ واضح طور پر نظر آ جائے گا کہ بنگلہ حکومت بہت تیزی سے بنگلہ دیش کو انڈیا کی سرپرستی میں چلنے والی ’’دیسی ریاست‘‘ کا روپ دینے کی طرف گامزن ہے جس میں ’’دیسی حکمران‘‘ کو کمپنی بہادر کی جانب سے مکمل تحفظ کی یقین دہانی حاصل ہو اور اس کے بعد کمپنی بہادر عوام کے ساتھ جو چاہے کر گزرے ۔ یہ وہ کشمکش ہے کہ جس سے بنگالی معاشرہ اس وقت دو چار ہےاور اسے نفرت کے اظہار کا موقع دستیاب ہو گیا ہے ۔

تازہ ترین