(Translated by https://www.hiragana.jp/)
ن لیگ پاک فوج اور پی ٹی آئی کو آمنے سامنے کرنا چاہتی ہے، عمر ایوب
 
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ پاک فوج اور پی ٹی آئی کو آمنے سامنے کرنا چاہتی ہے، عمر ایوب

جوڈیشل کمپلیکس، اسلام آباد ہائیکورٹ کی فوٹیجز بھی سامنے لائی جائیں، عمر ایوب - فوٹو: فائل
جوڈیشل کمپلیکس، اسلام آباد ہائیکورٹ کی فوٹیجز بھی سامنے لائی جائیں، عمر ایوب - فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ن لیگ پاک فوج اور پی ٹی آئی کو آمنے سامنے کرنا چاہتی ہے، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے اور آرمی چیف بھی ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ قوم انتخابات کی تیاری کرے۔

راولپنڈی میں اڈیالا جیل کے باہر اپوزیشن اراکین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے خوشگوار ملاقات ہوئی ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ شہباز شریف اور موجودہ حکومت پاک فوج اور پی ٹی آئی کو آمنے سامنے کرنا چاہتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، پاکستان کے 90 فیصد عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔ 

پی ٹی آئی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز چوری کی گئی ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے ان فوٹیجز کو سامنے لایا جائے۔ جوڈیشل کمپلیکس، اسلام آباد ہائیکورٹ کی فوٹیجز بھی سامنے لائی جائیں۔

عمر ایوب نے کہا کہ 5 اگست کو کشمیر سے متعلق اہم دن ہے، ہم لوگ اس دن اسلام آباد میں جلسہ کریں گے۔ جلسے کی قیادت علی امین گنڈاپور کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سامنے احتجاج کو سراہا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے ملک میں نئے الیکشن ہونے چاہئیں۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ہماری عوام سے اپیل ہے کہ کل کا جو ہمارا احتجاج ہے اسے کامیاب بنائیں۔ پنجاب میں ہمارے ایم این ایز اور ایم پی ایز کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے، بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ کہا کہ پُرامن احتجاج کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران کو فوری استعفیٰ دینا چاہیے۔ 

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف اب بھی فارم 47 سے جیتے ہیں۔

اس موقع پر کنول شوزب کا کہنا تھا کہ فارم 47 کی حکومت بشریٰ بی بی کے خلاف بھی سازش کر رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کے خلاف عون چوہدری کے لگائے گئے ملازم کو گواہ بنایا جارہا ہے۔ عون چوہدری نے عدت کیس میں جھوٹی گواہی دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو ہدف بنا کر بانی پی ٹی آئی کو جھکانے کی کوشش کی گئی۔ خواتین کو ٹارگٹ کرنا بزدلی ہے۔ جھوٹے کیسز میں ہم بشریٰ بی بی کیساتھ کھڑے ہیں۔ 

کنول شوزب کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق بانی پی ٹی آئی نے ہدایت کردی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے ان خواتین کو ترجیح دینے کی ہدایت کی ہے جنہوں نے قربانیاں دیں۔

اس دوران علامہ راجہ ناصر عباس فارم 47 کی شکل میں ملک پر ہارا ہوا لشکر مسلط کیا گیا، عوام کی نظروں میں موجودہ حکومت گر چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی ایک پلان تھا اس کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک کی خاطر رویے تبدیل کرنے پڑیں گے۔

قومی خبریں سے مزید