(Translated by https://www.hiragana.jp/)
موسم گرما میں جِلد کی حفاظت
 
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرمی کی تپش اور مرطوب موسم نہ صرف جسم میں پانی کی کمی کا باعث بنتا ہے بلکہ اس کے صحت پر بھی منفی اثرات پڑتے ہیں۔ اکثر لوگ گرمی کی شدت سے نڈھال نظر آتے ہیں تو کچھ لوگوں کو گرمی کی وجہ سے جِلد کے مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ 

سخت گرمی ،فضائی آلودگی اور حبس کئی جلدی مسائل مثلاًجلد کی رنگت ماند پڑجانا ،سن برن ،ایکنی ، جِلد کی کشش اور چمک میں کمی کے خطرے جیسے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ تاہم، جِلد کی مناسب دیکھ بھال کے ذریعے ان مسائل پر سخت گرمی پڑنے کے باوجود قابو پایا جاسکتا ہے اورجِلد کی چمک اور کشش برقرار رکھی جاسکتی ہے۔

پانی سے گہری دوستی

موسم گرما کا مقابلہ کرنے کے لیے جسم کو زیادہ سے زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر مناسب ہوتو اپنے ساتھ پانی کی بوتل ساتھ رکھیں اور ہر 30منٹ بعد لازمی پانی پئیں۔ پانی نہ صرف آپ کی جِلد کو تروتازہ رکھے گا بلکہ ڈی ہائیڈریشن سے بھی بچائے گا۔ پانی کا استعمال جسم سے زہریلے اور فاسد مادوں کو خارج کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

گرمی دانے

گرمی بڑھتی ہےتو جسم پر دانے ہونے لگتے ہیں خاص طور پر کمر، سینے اور چہرے پر، اور اگر آپ کی جِلد آئلی ہے تو پھر آپ کو یہ پریشانی زیادہ ہوسکتی ہے۔ ان سرخ دانوں میں خارش بھی ہوتی ہے ، جس کی وجہ سے بے چینی محسوس ہوتی ہے۔ ا ن سے بچنے کے لیے ڈھیلے ڈھالے کاٹن یا لینن کے کپڑے پہنیں ، جو جِلد سے نہ ٹکرائیں۔

ٹھنڈے یا نیم گرم پانی سے غسل کریں تاکہ آپ کی جِلد کو راحت پہنچے۔ غسل کے بعد دانوں پر پاؤڈر لگائیں، جو پسینہ جذب کرکے جِلد میں ٹھنڈک پیدا کرتاہے۔ دانوں کی سرخی، خارش اور ان کی موجودگی کو ختم کرنے کیلئے ان پر آئس کیوب بھی ملی جاسکتی ہے۔ ان اقدامات میں سے اگر آپ کو آرام نہ آئے تو ماہر امراضِ جِلد سے رابطہ کرکے اس پریشانی کا حل طلب کریں۔

رنگ گہرا ہو جانا

جسم پر جہاں جہاں دھوپ پڑتی ہے، وہاں جِلد کا رنگ گہر اہوجاتاہے۔ اگرآپ چاہتے ہیں کہ آپ کی جِلد اصل حالت میں برقرار رہے توآپ کو ٹیننگ سے بچنا ہوگا۔ اگر آپ کی جِلد پہلے سے ہی گہری ہوچکی ہےتو چند اقدامات سے جِلد کی اصل ٹون واپس حاصل کی جاسکتی ہے۔ ہمیشہ کم سے کم 30 SPFوالا سن اسکرین لگائیں، جو آپ کی جِلد کو تپش سے متاثر نہیں ہونے دے گا۔ 

گھر سے باہر زیادہ دیر تک رہیں تو ہر دو گھنٹے بعد سن اسکرین ضرور لگائیں۔ گھر پر اگر کھڑکیوں کے ذریعے دھوپ اند رآتی ہوتو بھی ایس پی ایف 30 لگائیں۔ اگر آپ کی جِلد کا رنگ گہرا ہے تو آپ کو دہی، شہد اور ہلدی کا پیک بنا کر جِلد پر لگانا چاہیے۔ ہفتے میں ایک بار یہ پیک استعمال کریں، چند ہفتوں میں آپ کی جلِد نکھر جائے گی۔

دھوپ سے جھلسنا

بہت زیادہ دیر تک دھوپ میں رہنے سے جِلد غیر ہموار اور چھلکے دار ہوجاتی ہے، شدت مزید ہوتو زیادہ تکلیف ہوتی ہے۔ سن برن سے بچنے کیلئے ہمیشہ سن اسکرین لگائیں اور چھتری لے کر باہر نکلیں۔ بہتر تو یہ ہے کہ دھوپ کی شدت میں گھر سے باہر نکلنے کی کوشش نہ کریں خاص طور پر دوپہر 12سے 4کے درمیان کیونکہ اس وقت سورج کی تپش شدید ہوتی ہے۔ 

اگر آپ سن برن سے متاثر ہیں توجِلد پر ٹھنڈا ایلوویرا جیل لگائیں۔ اسے دن میں دو مرتبہ لگانے سے جِلد تیزی سے بہتر ہوگی۔ مزید نقصان سے بچنے کیلئے پوری آستین والی قمیص پہنیں۔ اگر جِلد میں جلن یا تکلیف برقرار رہے تو اپنے ماہر امراضِ جِلد سے رجوع کریں، جوآپ کی جِلد کی مناسبت سے کریم تجویز کرے گا۔

ایکس فولی ایٹ

جِلد کی چمک اور شادابی بڑھانے کے لیے ایکس فولی ایشن کا کردار سب سے اہم ہے۔ ایکس فولی ایشن چہرے سے مردہ خلیات کو دور کرتا ہے، ساتھ ہی جِلد سے زائد چکنائی اورگرد بھی دور ہوجاتی ہے اور جِلد کی اچھی شکل نکل آتی ہے۔ موسم گرما میں بھی ایکسفولی ایشن نہ صرف چہرے بلکہ پوری باڈی پر ہفتے میں دو سے تین مرتبہ کیا جاسکتا ہے۔

فیس مسٹ

تیز اور سلگتی دھوپ نہ صرف چہرے کو جھلسادیتی ہے بلکہ اس پر کچھ ایسے بدنما داغ بھی چھوڑ دیتی ہے جس کے باعث چہرے کی دلکشی ماند پڑنے لگتی ہے۔ چنانچہ موسم گرما میں دھوپ کی مضر شعاعوں سے بچنے کے لیے فیس مسٹ کا کردار بھی خاص ہے۔ 

آپ موسم گرما کے لیے فیس مسٹ گھر پر بھی تیار کرسکتے ہیں اور بازار سے ریڈی میڈ خرید کر بھی چہرے پر لگاسکتے ہیں۔ فیس مسٹ کے استعما ل سے آپ کا چہرہ تروتازہ دکھنے لگتا ہے اور فرحت وتازگی کا احساس قائم رہتا ہے۔

آنکھوں کی حفاظت

آنکھوں کے ارد گرد کا حصہ چہرے کے دیگر حصوں کی نسبت زیادہ نازک ہوتا ہے، چنانچہ اس حصے کو دیگر حصوں کی نسبت زیادہ دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ آپ جب بھی دن کے اوقات میں گھر سے باہر نکلیں سن گلاسز لگانا ہرگز نہ بھولیں۔ سن گلاسز آنکھوں اورجِلد کو جھریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ 

آنکھوں کے ارد گرد کی حفاظت کے لیے رات اور دن کے اوقات میں موئسچرائزنگ کریم لگانا ہرگز نہ بھولیں۔ ایسی کریم کا انتخاب کریں جس میں ہائیڈریٹنگ اجزا مثلاً ہیلورینک ایسڈ، شہد، اور کھیرا بطور اجزا شامل ہوں۔ اس کریم کو لگانے کے بعد کچھ دیر مساج کریں اور پھر جِلد کو ڈھیلا چھوڑ دیں۔

صحت سے مزید