گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہڑتالوں سے مشکل فیصلے تبدیل نہیں کروائے جاسکتے۔
فیڈرل بی ایریا آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کراچی آتے تو بجلی ٹیرف پر بات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جواب میں کہہ دیتے ہیں کہ ہم آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ پاکستان معاشی بحران سے نکلنے کی کوشش کرتا ہے، تو بلوچستان جیسے واقعات ہوتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جب بھی پاکستان معاشی مسائل سے نکلنے کی کوشش کرتا ہے یہ پرانی فلم چلائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی ون ونڈو آپریشن دنیا بھر سے معاہدے کر رہا ہے۔
گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ ایران میں تمام تر پابندیوں کے باوجود 112 ارب کی درآمدات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جتنے مسائل آج ہیں، اگلے 5 سالوں میں اور ہوں گے، مضبوط بااختیار بلدیاتی نظام کے لیے کوشش کرنی چاہیے، ماضی میں مضبوط بلدیاتی نظام تھا، مصطفیٰ کمال نے بڑا کام کیا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ معیشت کے ساتھ معاشرت اور اخلاقیات ٹھیک ہونی چاہیے، ایک دوسرے کو ٹھیک کرنے کے بجائے مسائل حل کرنے چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ باتیں بہت کرتے ہیں کام پر توجہ دیں مسائل کا حل مل کر نکالیں تو نکل آئے گا، میئر کراچی کے پاس جادو کی چھڑی نہیں، مسائل کا حل وقت طلب ہیں۔