پاکستان تحریکِ انصاف کے بانیٔ کی جانب سے سپریم کورٹ میں نااہلی کے خلاف اپیل کی جَلد سماعت کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔
بانیٔ پی ٹی کی جانب سے سپریم کورٹ میں بیرسٹر علی ظفر نے جَلد سماعت کی درخواست دائر کی ہے۔
جَلد سماعت کے لیے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو سیاست سے باہر رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے تحائف ڈیکلیئر نہ کرنے کے غلط الزام پر ان کی نااہلی کا ریفرنس بھیجا، بانیٔ تحریکِ انصاف کو الیکشن کمیشن نے اسپیکر قومی اسمبلی کے ریفرنس پر میانوالی سے ڈی سیٹ کیا، الیکشن کمیشن کے فیصلے پر بانیٔ پی ٹی آئی کو انتخابات لڑنے سے روک دیا گیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ لارجر بینچ الیکشن کمیشن کے خلاف اپیل پر سماعت کر رہا تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپیل واپس لینے کی استدعا منظور کرنے سے انکار کر دیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی وجہ سے لاہور ہائی کورٹ لارجر بینچ کارروائی آگے نہیں بڑھا پا رہا۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کو جَلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔