امریکا میں 47ویں صدر کے انتخاب کےلیے ووٹنگ جاری ہے، ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کے درمیان کئی اسٹیٹس میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
کسی بھی امیدوار کو جیت کےلیے کل 538 میں سے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ درکارہیں۔
ووٹنگ سے چند گھنٹے پہلے کملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے دعوے کیے ہیں۔ فلاڈیلفیا میں آخری انتخابی جلسے سے خطاب میں کملا ہیرس نے کہا کہ امریکا ایک نئےآغاز کے لیے تیار ہے۔
ریاست مشی گن میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی جیت کا امکان 95 فیصد ہے، اگر وہ جیتے تو امریکا کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں صبح سے اب تک 5 لاکھ 60 ہزار افراد ووٹ ڈال چکے ہیں۔ فلوریڈا کے اسٹیٹ سیکرٹری نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ فلوریڈا میں 38 لاکھ ووٹرز ڈاک کے ذریعے پہلے ہی ووٹ ڈال چکے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق پنسلوانیا کی کیمبریا کاؤنٹی میں ووٹنگ کا وقت بڑھا دیا گیا ہے۔ یہ وقت سافٹ ویئر خرابی سے بیلٹ اسکیننگ متاثر ہونے پر بڑھایا گیا ہے۔
پنسلوانیاکی کیمبریا کاؤنٹی میں ووٹرز کو پیپر بیلٹ کے ذریعے ووٹنگ کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق پنسلوانیا میں کملا ہیرس کو برتری حاصل ہے، نیواڈا، جارجیا، نارتھ کیرولائنا، ایری زونا میں ٹرمپ کو معمولی برتری حاصل ہے، وسکونسن اور مشی گن میں کملاہیرس کو معمولی برتری حاصل ہے۔