(Translated by https://www.hiragana.jp/)
کراچی: 2 کار سوار ایک دوسرے پر فائرنگ کرتے ایئرپورٹ میں داخل
 
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: 2 کار سوار ایک دوسرے پر فائرنگ کرتے ایئرپورٹ میں داخل



کراچی میں ایک لڑکی کی وجہ سے دو دوست، دشمن بن گئے، شارع فیصل پر ایک دوسرے کی گاڑیوں پر فائرنگ کردی۔

دونوں کار سوار ایک دوسرے کا تعاقب کرتے اور گولیاں برساتے ایئرپورٹ کے احاطے میں داخل ہوگئے، واقعے میں دو سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوئے۔

پولیس نے لڑکی اور دونوں دوستوں سمیت 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔

شارع فیصل پر اُس وقت فلمی منظر دیکھنے میں آیا، جب 2 چلتی گاڑیوں پر موجود سیکیورٹی گارڈز نے ایک دوسرے پر فائرنگ کی۔

پولیس کا بتانا ہے کہ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب 3 بجے پیش آیا، وجہ بنی 2 دوستوں کے درمیان آنے والی ایک لڑکی، جو پہلے کو چھوڑ کر دوسرے کے ساتھ اُس کی گاڑی میں جارہی تھی۔

اسی دوران سابق دوست اپنی گاڑی میں تعاقب کرتا ہوا آیا اور اس کے سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ شروع کردی۔

سابق دوست نے دوسری گاڑی میں موجود اپنی سابقہ دوست اور نئے دشمن کو رُکنے کیلئے کہا مگر ایسا نہیں ہوا بلکہ اُن کے ساتھ موجود سیکیورٹی گارڈ نے بھی جوابی فائرنگ شروع کردی۔

گولیاں لگنے سے دونوں گارڈز زخمی ہوئے تو انہیں ایئرپورٹ سگنل پر اتارنے کے بعد دونوں گاڑیاں ایک دوسرے کا پیچھا کرتے ہوئے ایئرپورٹ کے احاطے میں داخل ہوگئیں۔

یہاں ایئرپورٹ سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں اور پولیس نے مداخلت کی اور دونوں دوستوں، لڑکی اور سیکورٹی گارڈز سمیت 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔

قومی خبریں سے مزید