(Translated by https://www.hiragana.jp/)
باتھ روم کی تعمیر کے حوالے سے ضروری عوامل
 
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باتھ روم ایک ایسی جگہ ہے جسے گھر میں رہنے والے تمام افراد روزانہ استعمال کرتے ہیں۔ خوبصورت طرز پر بنائے گئے باتھ رومز کے ڈیزائنز میں کچھ چیزیں یکساں ہوتی ہیں مثلاً ان میں رنگوں کا امتزاج بالکل ٹھیک ہوتا ہے، جو باتھ روم کو دیدہ زیب اور کشادہ بناتے ہیں۔ 

عملی طور پر دیکھا جائے تو باتھ روم کوئی آرائش کی جگہ نہیں ہے، تاہم اچھے طرز کے باتھ روم میں اسٹائل اور ہم آہنگی پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔ بیسن اور باتھ ٹب سے لے کر باتھ روم کے چھوٹے سے چھوٹے لوازمات تک اس بات کو یقینی بنایا جاتا ہے کہ ہر خاصیت بڑی تصویر کا ناگزیر حصّہ معلوم ہو۔

باتھ روم کا ڈیزائن

جب آپ باتھ روم ڈیزائن کرنے لگیں تو اس کے اہم پہلوؤں کے بارے میں سوچیں جیسے کہ اُس کا سائز، استعمال ہونے والے رنگوں کی اقسام، دیگر لوازمات (بیسن، شاور یا باتھ ٹب) کہاں لگائے جائیں اور کیسے قدرتی یا مصنوعی روشنیوں کا استعمال کیا جائے جو باتھ روم میں بخوبی جچیں۔ اگر باتھ روم بچوں کے زیراستعمال آنا ہے تو حفاظتی اقدامات اور ان کی سہولت کے بارے میں بھی سوچنا ضروری ہے۔ مثال کے طور پر بیسن کتنی اُونچائی پر ہونا چاہیے؟ صفائی کے لیے استعمال ہونے والی اشیا بچوں کی پہنچ سے دور ہیں یا نہیں؟ اس کے علاوہ بچوں کے لیے کچھ خوبصورت سجاوٹی وال پیپرز یا لوازمات باتھ روم کو ایک جادوئی جگہ بنا سکتے ہیں۔

بہترین منصوبہ بندی

یہ سوچیں کہ روزانہ کتنے لوگ باتھ روم استعمال کریں گے۔ ایک باتھ روم جو بچّے استعمال کرتے ہیں اُسے بڑوں کے باتھ روم کی نسبت مختلف طریقے سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر آپ کے پاس قدرتی روشنی حاصل کرنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے یا وینٹی لیشن کا مسئلہ ہے، تو اسے اپنے منصوبے میں مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

تعمیر اور تزئین

ایک باتھ روم کی تعمیر اور تزئین و آرائش ہمیشہ بجٹ پر آ کر رُکتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کو پہلے سے ہی سوچنا ہوگا کہ اصل میں آپ کو کس چیز کی ضرورت ہے یا کیا تبدیل کرنا ہے۔ کیا باتھ روم میں صرف چند ہی چھوٹے مسئلے ہیں یا تمام ٹائلز بدلنے کی ضرورت ہے؟ اہم اشیا کابدلنا جیسے شاور، بیسن یا ٹوائلٹ قدرے مہنگا اور پیچیدہ عمل ہوسکتا ہے۔ جو لوگ مکمل ترمیم کو نظرانداز یا ملتوی کرنا چاہتے ہیں انھیں باتھ روم کی تزئینِ نوکے لئے چھوٹی تفصیلات پر غور کرنا چاہیے۔ کچھ چھوٹی تبدیلیوں سے ہی پوری تصویر اچانک بدل سکتی ہے۔

مقبول تعمیراتی انداز

اصطفائی طرز کے باتھ روم مکینوں کے منفرد جذبات اور پسند کے ساتھ بخوبی میل کھاتے ہیں۔ دلفریب بناوٹ اور رنگ بنانے کے لئے چینی مٹی کی ٹائلیں، لکڑی اور دھات کا کام اور دستیاب روشنی کا بہترین استعمال، سب ایک ڈیزائن میں ضم ہوسکتاہے۔ اصطفائی طرز کے باتھ روم میں فضول خرچی سے گریز کریں۔ بہت زیادہ تنوع باتھ روم کا ڈیزائن بےترتیب کر دیتا ہے، جو اچھا نہیں لگے گا۔

سادہ اور اعلیٰ

عام طور پر سادہ باتھ روم میں بہت ساری کھلی جگہ ہوتی ہے، جس کی وجہ سے وہاںباتھ ٹب بھی شامل کرلیا جاتا ہے۔ بیسن، ٹوائلٹ اور شاور کو ہر ممکن حد تک مؤثر طریقے سے اس طرح لگایا جاتا ہے کہ اس سے باتھ روم کی سادگی پر کوئی فرق نہ آئے۔ اس طرح کے باتھ روم سے لوگ جدید ڈیزائن، بہت سا سفید رنگ اور محدود لوازمات کی توقع کرتے ہیں۔

جدید اور منفرد

جدید باتھ روم، سادہ باتھ روم سے سطحی طور پر یکساں ہوتے ہیںمگر کچھ اہم تبدیلیوں کے ساتھ۔ جدید باتھ روم، رنگ اور لوازمات کے استعمال کے معنوں میں زیادہ تخیلاتی ہوتے ہیں لیکن ان میں ہمیشہ ایسی خصوصیات شامل ہوتی ہیں جو موجودہ فیشن کے ڈیزائن سے میل کھاتی ہوں۔ انھیں بدلتے فیشن کے ساتھ اَپ گریڈ کیا جاتا ہے۔

دیوار اور فرش

باتھ روم کی دیواروں اور فرش کے لیے بہت سے آپشن دستیاب ہیں۔ آپ کیا پسند کرتے ہیں اس کا انحصار پوری طرح باتھ روم کے اسٹائل پر ہوتاہے۔ دیہی طرز کے باتھ روم کے لیے اکثر مضبوط لکڑی کا فرش بنایا جاتا ہے، جو قدرتی احساس دیتا اور صفائی میں آسان ہوتا ہے۔ ایک جدید باتھ روم میں ٹھوس یا مصنوعی ٹائلوں کا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ چینی مٹی بھی ایک اچھا انتخاب ہے۔ 

ٹائلیں صفائی میں آسان اور واٹر پروف ہوتی ہیں جبکہ دیواروں کے لئے ٹائلز اور پینٹ کا امتزاج ڈیزائنرز کو مختلف رنگوں کے ساتھ تجربہ کرنے کی سہولت دیتا ہے ۔ یہاں تک کہ وال پیپر کی بھی مختلف اقسام ہیں جو نمی اور پانی کا مقابلہ بھی کرسکتی ہیں۔

رنگوں کا استعمال

خوبصورت باتھ روم ڈیزائن کرنے میں رنگ بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ ہلکے رنگ کے استعمال سے آپ ماحول کو جادوئی بنا سکتے ہیں اور باتھ روم کو متاثر کن اور پُرلطف جگہ بناسکتے ہیں۔ اگر آپ کو کینڈل لائٹ پسند ہے تو ان رنگوں کے بارے میں سوچیں جو اس طرح کا ماحول پیدا کرسکتے ہیں۔ کشادہ باتھ روم میں بھرپور گہرا سرخ اور نیلا رنگ پرتعیش احساس فراہم کرتے ہیں جبکہ چھوٹے باتھ روم کے لیے ہلکے رنگ مناسب رہتے ہیں تاکہ کشادگی کا احساس ہو۔ بچّے بھی پیسٹل اور ہلکے رنگوں کو بہت پسند کرتے ہیں۔

تازہ ترین