(Translated by https://www.hiragana.jp/)
حقہ (آلہ) - آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا مندرجات کا رخ کریں

حقہ (آلہ)

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے
فائل:360583349 89fb06a597.jpg
پاکستان کے دیہی علاقوں میں استعمال کیا جانے والا روایتی حقہ

حُقہ (ہندی: हुक़्क़ा، عربی: شيشة) ایک نالی یا ایک سے زائد نالیوں پر مشتمل تمباکو نوشی کے لیے استعمال کیا جانے والا ایک قدیم آلہ ہے۔ جس کا آبائی وطن انڈیا کو قرار دیا جاتا ہے۔[1][2] وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، خصوصاً عرب دنیا میں۔[3] اردو میں موجودہ مستعمل لفظ فی الحقیقت عربی ہی سے آیا ہے اور وہاں اس کو حُـق سے ماخوذ کیا جاتا ہے، یعنی یوں کہہ سکتے ہیں کہ حقہ کی اصل الکلمہ (etymology) حق ہے۔ اردو میں حَق عام طور پر سچائی پر ہونے کے معنوں میں زیادہ استعمال ہوتا ہے۔ حق کے ان دونوں مفاہیم میں افتراق کی وجہ اعراب کے استعمال سے انکا تلفظ الگ کرنے کی ہے؛ سچائی کے لیے جو عربی کا حَق استعمال ہوتا ہے اس میں ح پر زبر لایا جاتا ہے جبکہ حقہ کے لیے جو حُق آتا ہے اس میں ح پر پیش کو لایا جاتا ہے جس کے معنی ظرف، چلم، حوض اور جوف وغیرہ کے آجاتے ہیں اور اسی ظرف کے تصور سے جو حقے کی چلم سے مترادف ہے حقے کا لفظ اخذ کیا گیا ہے۔ ایک حقہ پانی کی پالائش اور بلاواسطہ حرارت کی مدد سے کام کرتا ہے۔ اس کو مختلف جڑی بوٹیوں اور غذائی ذائقوں میں بھی استعمال کیا جاسکتاہے۔ علاقے اور دستیابی کے بنا پر بہت سے عرب، بھارتی، ایرانی اور ترک علاقوں میں حقے کے کئی نام ہیں۔ اسی طرح اس کا ایک نام نرگیلا (Nargila ) جو لبنان، شام، عراق، اردن، اسرائیل، البانیا، بوسنیا، مصر، ترکی، آرمینیا، بلغاریہ اور رومانیہ میں رائج ہے حالانکہ عموماً لفظ کی ابتدا میں N یا ن کا استعمال عربی میں ساکن پڑھا جاتا ہے۔ نرگیلا فارسی لفظ (nārgil ) نارگیل سے نکلا ہے، جس کے معنی ناریل کے ہیں جبکہ سنسکرت میں اس کو نرکیلا (नारिकेला) کہا جاتا ہے اور اس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ ابتدائی دنوں میں حقہ ناریل کے چھلکوں سے بنایا جاتا تھا۔[4] اسی طرح عربی میں حقہ کے لیے لفظ شيشة استعمال کیا جاتا ہے جو فارسی کے لفظ شہشہ سے لیا گیا ہے، جس کے معنی کانچ کے ہیں اور حقے کے لیے یہ لفظ مصر اور خلیج فارس کے ممالک (بشمول کویت، بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب) اور مراکش، تیونس، صومالیہ اور یمن میں بکثرت سے استعمال کیا جاتا ہے۔ ایران میں حقے کو غلیون، قلیون اور قلیان بھی کہا جاتا ہے۔ پاکستان اور بھارت میں اس کو حقہ کہا جاتاہے۔ حقے کے لیے انگریزی میں “ہبل ببل“ "hubble-bubble" اور “ہبلی ببلی“ "hubbly-bubbly" کی اصطلاح بھی استعمال کی جاتی ہے، جس کی وجہ اس کو پیتے وقت گڑ گڑ کی آواز ہے جو بلبلوں کے پیدا ہونے سے بننے والی آواز سے مشابہت رکھتی ہے۔

حوالہ جات

[ترمیم]
  1. "حقہ کی تاریخ"۔ Fumari۔ 25 دسمبر 2018 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 08 اپریل 2008 
  2. "حقہ کی ابتدا - حقہ کا وطن"۔ India Heritage۔ 25 دسمبر 2018 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 08 اپریل 2008 
  3. "حقہ"۔ Encyclopædia Britannica۔ 25 دسمبر 2018 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 08 اپریل 2008 
  4. "نارجیل - مرحبا"۔ 27 مئی 2009 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 25 اگست 2008 

بیرونی روابط

[ترمیم]