(Translated by https://www.hiragana.jp/)
ویکیپیڈیا:حوالہ دہی - آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا مندرجات کا رخ کریں

ویکیپیڈیا:حوالہ دہی

آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا سے

ویکیپیڈیا کے مضامین میں درج معلومات بلا حوالہ ہوں تو اہل علم کے نزدیک وہ غیر معتبر قرار پاتی ہیں، اس لیے یہاں معلومات درج کرنے کے بعد ان کا قابل تصدیق اور معتبر حوالہ یا ماخذ درج کرنا لازمی ہے۔ اردو ویکیپیڈیا پر مضامین کی بڑی تعداد ایسی ہے جس میں معلومات کو بلا حوالہ نقل کر دیا گیا ہے، ایسے مضامین ویکیپیڈیا کی ساکھ کے لیے سخت نقصان دہ ہیں۔ چنانچہ یہاں متحرک صارفین کی ذمہ داری ہے کہ وہ انٹرنیٹ یا کتابوں اور مجلات میں ان معلومات کے معتبر حوالے اور مآخذ تلاش کریں اور مل جانے پر انہیں یہاں درج کریں۔ اگر حوالے نہ مل سکیں تو کم از کم بلا حوالہ فقرہ کے اختتام پر {{حوالہ درکار}} ضرور رکھ دیں۔ ان حوالہ جات کو ویکی مضامین میں درج کرنے کا کوئی متفقہ طریقہ موجود نہیں ہے، حوالے جس شکل میں بھی درج کیے جائیں وہ بہتر ہیں۔ ویکی نویس صارفین پر لازم ہے کہ وہ مضمون نویسی کے دوران میں یا معلومات کے اندراج کے وقت معتبر، مصدقہ اور بیرونی مآخذ و مصادر کو درج کریں، خصوصاً کسی شخص کے اقوال نقل کرنے یا سوانحی مضمون میں کسی شخصیت کی توصیف کے وقت بیرونی حوالوں کا اندراج اشد ضروری ہے۔ بصورت دیگر بلا حوالہ معلومات کو فوراً حذف کیا جا سکتا ہے تاکہ ویکیپیڈیا کی ساکھ متاثر نہ ہو اور اس کے دیگر مضامین قارئین کی نگاہ میں مشکوک نہ ٹھہریں۔

ویکیپیڈیا کے مضامین میں حوالے عموماً دو طرح کے ہوتے ہیں۔ صارفین کسی فقرہ یا معلومات کو لکھتے وقت ماخذ کا محض ہلکا سا ذکر کر دیتے ہیں جبکہ حوالوں کی دوسری قسم وہ ہے جس میں ماخذ کی مکمل تفصیل ہوتی ہے جس کی مدد سے قارئین متعلقہ معلومات کی تصدیق کر سکتے ہیں۔ ذیل میں ہم حوالہ جات کی اہمیت، اندراج کے طریقہ کار اور دیگر متعلقہ امور پر علاحدہ علاحدہ کلام کریں گے۔ تاہم اندراج حوالہ جات کے مفصل طریقہ کار کو جاننے کے لیے معاونت:اندراج حوالہ برائے مبتدی صارفین ملاحظہ فرمائیں۔